کولکاتہ،30/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کے نئے گورنر کے طور پر جگدیپ دھنکھڑ نے حلف لے لیا ہے۔انہوں نے کیسریناتھ ترپاٹھی کی جگہ لی ہے۔کورنرہاؤس میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ٹی بی این رادھا کرشنن نے انہیں حلف دلایا۔تقریب میں وزیر اعلی ممتا بنرجی کے علاوہ، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سینئر کانگریس لیڈر عبدالمنان اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔انہوں نے ریاست کے 28 ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھا لیا۔جگدیپ دھنکھڑ نے 1977 سے راجستھان ہائی کورٹ میں وکالت کرنی شروع کر دی تھی۔35 سال کی عمر میں وہ راجستھان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بنے،وہ فی الحال سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ہیں۔جگدیپ دھنکھڑ 9 ویں لوک سبھا کے لئے جھن جھنو پارلیمانی سیٹ سے جنتا دل امیدوار کے طور پر کامیاب ہوئے تھے۔1993 میں وہ اجمیر کے کشن گڑھ اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پررکن اسمبلی بنے۔2003 میں وسندھرا راجے کے ریاستی صدر بننے پر انہوں نے بی جے پی کی رکنیت حاصل کر لی۔بتا دیں کہ یوپی، مغربی بنگال، تریپورہ، مدھیہ پردیش، بہار اور ناگالینڈ میں نئے گورنر کی تقرری کی گئی۔اس سے پہلے پیر کو مدھیہ پردیش کی سابق گورنر آنندی بین پٹیل نے اتر پردیش کے گورنر کے عہدے کا عہدہ سنبھالا۔سابق گورنر رام نائک کی موجودگی میں آنندی بین پٹیل نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔مدھیہ پردیش میں آنندیبین پٹیل کی جگہ لال جی ٹنڈن کوگورنربنایاگیا،جو اس سے پہلے بہار کے گورنرتھے۔